مقبوضہ یروشلم،14جولائی(ایجنسی)جمعہ کے روز سے لیکر آج پیر کی صبح تک جنوبی لبنان نے اسرائیل میں تیسرا راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔ تاہم اسرائیلی پولیس نے فوری طور پر کسی نقصان کی تصدیق نہیں کی ہے۔اسرائیلی فوجی ترجمان کے مطابق غزہ کے خلاف اسرائیلی جنگی کارروائی ' حفاظتی کنارہ' کے آغاز کے بعد جنوبی لبنان کی طرف سے یہ تیسرا راکٹ حملہ ہے۔فوجی ترجمان بریگیڈئیر جنرل موٹی الموذ کا مزید کہنا ہے کہ' ہم ان حملوں پر حیران نہیں بلکہ ہمیں اندازہ تھا غزہ
پر کارروائی کے بعد ہماری سرحدوں کو گرم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔'اسرائیل کے ترجمان کے مطابق ' ہم نے ایسے حملوں کا توڑ کرنے کی تیاری کر رکھی ہے، ہمیں اندازہ تھا یہ کارروائی دوسرے علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے گی۔'واضح رہے لبنان کے جنوبی حصے کی طرف سے کیے جانے والے ان تینوں راکٹ حملوں کے دوران اسرائیل کا کوئی بھی جانی نقصان رپورٹ نہیں کیا گیا ہے۔لبنان کے قومی خبر رساں ادارے کے مطابق ان راکٹ حملوں سے اسرائیل کا مغربی گلیلی کا علاقہ نشانہ بنا ہے۔ جبکہ ایک راکٹ اسرائیلی سرحد کے کھلے علاقے میں گرا ہے۔